میرپور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا نے بنگلہ دیش میں ایک پرانے میچ کی یاد تازہ کردی جب ویسٹ انڈیز میں پاکستان نے 191رنز بنائے تھے اور آسٹریلوی بلے باز مائیک ہسی نے آخری اوور میں سعید اجمل کو تین چھکے اور ایک چوکا مار کرفتح پاکستان کے حلق سے نکال لی تھی۔ تب آسٹریلیا کو جیت کیلئے 18 رنز درکار تھے اور سعید اجمل کے اوور میں چھکوں و چوکے نے پاکستان کو تین وکٹوں کی شکست سے دوچار کردیا تھا ۔دلچسپ امر یہ ہے کہ آج بھی پاکستان نے 191رنز ہی بنائے اور جب میکس ویل نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے بلاول بھٹی کے ایک اوور میں 30 رنز بنائے تو سعید اجمل کی باﺅلنگ اور مائیک ہسی کے بیٹنگ یاد آگئی۔ تب بھی پاکستان کی جانب سے کامران اکمل نے 50رنز بنائے تھے اور عمر اکمل 56 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے تھے۔ آج کے میچ میں بھی کامران اکمل اور عمر اکمل نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 96 رنز بناکر آسٹریلیا کو اچھا ہدف دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ تب اور اب میں فرق صرف مائیک ہسی اور میچ کے نتیجے کا رہا جو آﺅٹ نہیں ہوئے تھے اور پاکستان شکست سے دوچار ہوا تھا جبکہ آج میکس ویل آﺅٹ ہو گئے اور آسٹریلیا کو شکست کاسامنا کرنا پڑا ۔